سوال: میں پڑھنے کے لئے ٹائم ٹیبل بناتی ہوں مگر عمل نہیں کر پاتی، کوئی حل بتائیں ؟
عائشہ بانو، جماعت دہم،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پھولڑہ، ضلع بہاول نگر
جواب: ٹائم ٹیبل میں ٹائم فکس نہ کریں، مثلاً 3 بجے سے 4 بجے تک ریاضی کا مضمون پڑھنا ہے، لیکن اگر خدانخواستہ اس دوران آپ کو ایمرجنسی کام پڑ گیا تو آپ کا اگلا سارا لائحہ عمل بیکار جائے گا، آپ یہ کریں کہ لکھیں کہ آج میں نے ریا ضی کی مشق لازمی کرنی ہے پھر وہ ہر صورت کرکے چھوڑیئے، چاہے کتنا بھی وقت لگے، اپنی سستی پر قابو پائیں ، دو چار دن سختی برداشت کیجیے، عادی ہو جائیں گی۔
٭٭٭٭٭
سوال: میں سبق یاد کرتی ہوں لیکن جب سنانا شروع کرتی ہوں تو بھول جاتی ہوں، میں اپنےاس مسئلے پر کیسے قابو پاؤں؟
سعدیہ پروین، جماعت دہم، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پھولڑہ، ضلع بہاول نگر
جواب: جب سبق یاد کریں تو زبانی لکھ کر دیکھیں اور دو تین مرتبہ اونچی آواز میں اپنے آپ کو سنائیں، سبق کو سمجھ کر یاد کیجیے، الفاظ بدل بھی جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ،مفہوم وہی ہونا چاہیے۔
٭٭٭٭٭
سوال: میں وقت کی پابندی کو اپنانے کی کوشش کرتی ہوں لیکن اس کو کسی بھی طرح اپنا نہیں پاتی، مہربانی فرما کر مجھے کوئی اس مسئلے کا کوئی حل بتائیں؟
رابعہ شفیق، جماعت ہفتم، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 303، ضلع بہاول نگر
جواب: اپنے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے سب سے پہلے تو آپ ایک اوقات نامہ تیار کریں جس میں آپ اپنے ہر کام کو ایک مقررہ وقت پر کرنے کے لیے درج کریں تاکہ آپ متعلقہ وقت میں اپنا ہر کام سر انجام دے سکیں، اس کے علاوہ پڑھائی کے لیے آپ اپنا ایسا ٹائم ٹیبل بنائیں کہ آسان مضمون کو تھوڑا اور مشکل مضمون کو زیادہ وقت مل پائے۔
